ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مصر میں سینکڑوں افراد جبری طور پر غائب کیے گئے

مصر میں سینکڑوں افراد جبری طور پر غائب کیے گئے

Wed, 13 Jul 2016 16:14:15  SO Admin   S.O. News Service

قاہرہ،13جولائی(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)انسانی حقوق کی تنظیم ایمنیسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ مصر کے سکیورٹی اداروں کی جانب سے گذشتہ سالوں کے دوران اختلاف رائے سے نمٹنے کے لیے سینکڑوں افراد کو غائب کیا ہے اور ان پر تشدد کیا گیا ہے۔تنظیم کی تازہ رپورٹ کے مطابق طلبہ، سیاسی کارکن اور مظاہرین، جن میں سے بعض کی عمریں 14سال کے قریب ہیں، اچانک بنا کسی سراغ کے غائب ہو گئے۔ان میں سے زیادہ تر کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انھیں مبینہ طور پر ایک مہینے کے لیے حراست میں رکھا گیا اور اس دوران ان کے ہاتھ باندھے رکھے گئے اور آنکھوں پر پٹیاں باندھی گئیں۔مصر کی حکومت نے ان جبری گمشدگیوں اور تشدد کے الزامات کو مسترد کیا ہے۔وزیر داخلہ ماجدی عبدالغفار نے کہا ہے کہ سکیورٹی ادارے مصری قوانین کے اندر رہتے ہوئے کارروائی کرتے ہیں۔خیال کیا جا رہا ہے کہ وزارت داخلہ کے ہیڈکوارٹر کے اندر نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے دفاتر میں سینکڑوں افراد کو قید رکھا جاتا ہے۔خیال کیا جا رہا ہے کہ محمد مرسی کی سن 2013میں صدارت سے برطرفی کے بعد سے سکیورٹی اداروں نے اب تک ایک ہزار سے زائد افراد کو ہلاک اور 40ہزار کو قید کیا ہے۔ایمنیسٹی انٹرنیشنل کے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے ڈائریکٹر فلپ لوتھر کا کہنا ہے کہ عبدالفتح السیسی اور عبدالغفار کے مارچ میں اقتدار سنبھالنے کے بعد سے جبری گمشدگیاں ریاست کی پالیسی کا اہم آلہ بن گئی ہیں۔تنظیم کا کہنا ہے کہ روزانہ اوسطاً تین سے چار افراد کو نیشنل سکیورٹی ایجنسی کی قیادت میں اسلحے سے لیس سکیورٹی فورسز کے اہلکار گھروں میں گھس کر حراست میں لیتے ہیں۔خیال کیا جا رہا ہے کہ قاہرہ میں وزارت داخلہ کے ہیڈکوارٹر کے اندر نیشنل سکیورٹی ایجنسی کے دفاتر میں سینکڑوں افراد کو قید رکھا جاتا ہے۔فلپ لوتھر کا کہنا ہے کہ اس رپورٹ سے سکیورٹی اداروں اور عدلیہ کے حکام کے درمیان خفیہ سازشوں پر سے پردہ اٹھ گیا ہے۔


Share: